لاہور (کیو این این ورلڈ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے کے عوام کے لیے طویل ہفتہ وار چھٹیوں کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت شہریوں کو مسلسل چار روز تک آرام اور تفریح کا موقع ملے گا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کے عوام اس بار ایک طویل ویک اینڈ سے لطف اندوز ہو سکیں گے، جس کا مقصد عوام کو روزمرہ کی تھکن سے نکال کر تازہ دم ہونے کا موقع فراہم کرنا ہے۔
ان چھٹیوں کا آغاز 5 فروری سے ہوگا جب ملک بھر کی طرح پنجاب میں بھی "یومِ کشمیر” کے سلسلے میں عام تعطیل ہوگی۔ اس کے اگلے روز، یعنی 6 فروری کو صوبائی سطح پر "بسنت” کے موقع پر خصوصی چھٹی کا اعلان کیا گیا ہے، جس کے بعد ہفتہ اور اتوار کی معمول کی تعطیلات آئیں گی۔ اس طرح سرکاری و نجی اداروں کے ملازمین اور تعلیمی اداروں کے طلبہ مسلسل چار چھٹیوں سے مستفید ہو سکیں گے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ ہمیں امید ہے کہ پنجاب بھر کے عوام اس فارغ وقت کو اپنے اہل خانہ کے ساتھ بھرپور انداز میں گزاریں گے اور تازہ دم ہو کر دوبارہ اپنے کاموں کا آغاز کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام کا مقصد شہریوں کو ذہنی تناؤ سے نجات دلانا اور انہیں سماجی و ثقافتی سرگرمیوں کے لیے وقت فراہم کرنا ہے۔ اس اعلان کے بعد صوبے بھر کے شہریوں، خاص طور پر ملازمت پیشہ افراد اور طالب علموں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔