لودھراں: (کیو این این ورلڈ) لودھراں میں جلالپور روڈ پر منڈھالی موڑ کے قریب باراتیوں سے بھری کوسٹر اور ٹرک کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ خواتین اور بچوں سمیت 30 کے قریب افراد زخمی ہو گئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب باراتیوں کو لے جانے والی کوسٹر جہانیاں سے واپس گوگڑاں کی جانب جا رہی تھی کہ مخالف سمت سے آنے والے ٹرک سے ٹکرا گئی۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ کوسٹر کو شدید نقصان پہنچا اور کئی مسافر اس کے اندر پھنس گئے۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں دو خواتین اور ایک معصوم بچہ بھی شامل ہے، جبکہ متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ زخمیوں کو فوری طور پر ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد قریبی ہسپتال منتقل کیا۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، جنہوں نے امدادی کارروائیاں مکمل کیں اور ٹریفک کی روانی بحال کرائی۔ پولیس نے ٹرک کو تحویل میں لے کر حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، جب کہ واقعے کے اصل اسباب جاننے کے لیے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔

حادثے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا قائم ہے اور جاں بحق افراد کے لواحقین غم سے نڈھال ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے