لاہور (کیو این این ورلڈ) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ہونے والے ہولناک خودکش دھماکے کے سوگ میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کل بسنت کے حوالے سے اپنی تمام طے شدہ مصروفیات منسوخ کر دی ہیں۔ سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے واضح کیا کہ لبرٹی اسکوائر پر منعقد ہونے والا "میگا بسنت شو” بھی اب منعقد نہیں کیا جائے گا۔

مریم نواز نے اپنے بیان میں زور دیا کہ موجودہ حالات میں یہ انتہائی ضروری ہے کہ پوری قوم خوارج اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف متحد ہو کر کھڑی ہو۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ دہشت گردی میں ملوث عناصر پر کوئی رحم نہیں کیا جائے گا اور پاکستان کے دفاع و سلامتی پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتا نہیں ہو سکتا۔

واضح رہے کہ اسلام آباد کے مضافاتی علاقے ترلائی کی مسجد و امام بارگاہ خدیجتہ الکبریٰ میں جمعے کی نماز کے دوران ہونے والے خودکش دھماکے نے پورے ملک کو سوگوار کر دیا ہے۔ اس افسوسناک واقعے میں اب تک کی اطلاعات کے مطابق تقریباً 31 افراد شہید اور 150 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں، جن میں سے کئی کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق خودکش بمبار کی شناخت مکمل ہو چکی ہے، جس نے افغانستان میں دہشت گردی کی تربیت حاصل کی اور وہ کئی بار وہاں کا سفر بھی کر چکا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ افغانستان میں موجود دہشت گرد گروہ خطے کی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ بن چکے ہیں اور پاکستان میں ہونے والی دہشت گردانہ کارروائیوں کے پسِ پشت افغانستان اور بھارت کا گٹھ جوڑ واضح نظر آتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے