لنڈیکوتل: مہاجرین سے جعلسازی کے ذریعے رقم وصولی

لنڈیکوتل (کیو این این ورلڈ):لنڈیکوتل میں حمزہ بابا مزار کے قریب افغان مہاجرین کے لیے قائم ہولڈنگ کیمپ میں جعلسازی کے ذریعے رقم وصول کرنے کے معاملے پر پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے چار ملزمان کو گرفتار کر لیا اور مقدمہ درج کر لیا گیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق ایس ایچ او لنڈیکوتل عشرت شینواری نے اطلاع ملتے ہی فوری ایکشن لیتے ہوئے ملوث ملزمان اکرام ولد حبیب الرحمن، نہار علی ولد عنایت علی، عطااللہ ولد خان پور اور نور سید ولد جان سید کو گرفتار کر کے حوالات منتقل کر دیا، جبکہ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔

ایس ایچ او کے مطابق گرفتار افراد خود کو عملہ ظاہر کر کے افغان مہاجرین سے رجسٹریشن کے نام پر غیر قانونی طور پر رقم وصول کر رہے تھے، حالانکہ رجسٹریشن کا عمل مکمل طور پر شفاف ہے اور اس میں کسی بھی قسم کی فیس یا رشوت کی ضرورت نہیں۔

انہوں نے مہاجرین کو ہدایت کی کہ وہ اپنی باری کا انتظار کریں اور صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں، جبکہ کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو رقم دینے سے گریز کریں۔

پولیس نے شہریوں اور مہاجرین سے اپیل کی ہے کہ اگر کوئی مشکوک سرگرمی یا رشوت طلب کرنے کا واقعہ سامنے آئے تو فوری طور پر قریبی پولیس سے رابطہ کیا جائے تاکہ ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے