ڈیرہ غازی خان (کیو این این ورلڈ) دربار حضرت سخی سرور کے قریب پہاڑی علاقے میں ایک نوجوان پاؤں پھسلنے کے باعث گہرائی میں گر کر جاں بحق ہو گیا۔
ریسکیو 1122 ذرائع کے مطابق کنٹرول روم کو سخی سرور ریسکیو کمانڈ پوسٹ سے اطلاع موصول ہوئی کہ ایک شخص پہاڑ سے گر گیا ہے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے صرف 2 منٹ کے رسپانس ٹائم میں ایمبولینس (DGA-07) جائے حادثہ کی طرف روانہ کی۔
ریسکیو اہلکار جب موقع پر پہنچے تو متاثرہ شخص سر پر شدید چوٹ لگنے کے باعث موقع پر ہی جاں بحق ہو چکا تھا۔ ریسکیو ٹیم نے ضروری کارروائی کے بعد لاش کو سول ہسپتال سخی سرور منتقل کر دیا۔
جاں بحق ہونے والا نوجوان زائرین میں شامل تھا اور دربار سخی سرور کے پہاڑی مقام پر زیارت کے لیے گیا ہوا تھا کہ اس دوران پاؤں پھسلنے سے گہرائی میں جا گرا۔
ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت منیر ولد مسکین (عمر 22 سال) کے نام سے ہوئی ہے، جس کا تعلق لاہور کے علاقے شاہدرہ موڑ سے بتایا جاتا ہے۔
واقعے کے بعد زائرین میں افسوس اور غم کی فضا قائم ہو گئی، جبکہ حکام نے شہریوں کو پہاڑی علاقوں میں احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔