راولپنڈی (کیو این این ورلڈ) سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں انٹیلی جنس معلومات پر مبنی 5 کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے 13 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ آپریشنز 6 اور 7 مارچ کو دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاعات پر کیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق ضلع باجوڑ میں ایک مؤثر آپریشن کے دوران خوارج کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا، جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے میں 5 خوارج مارے گئے۔ اسی طرح بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں کی گئی کارروائیوں میں فتنہ الخوارج کے مزید 3 دہشت گرد انجام کو پہنچے، جبکہ ضلع خیبر اور جنوبی وزیرستان میں ہونے والی 2 الگ الگ جھڑپوں کے دوران مزید 5 خوارج ہلاک ہوئے۔ سکیورٹی فورسز نے ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے خوارج علاقے میں دہشت گردی کی متعدد سنگین وارداتوں میں ملوث اور سکیورٹی فورسز کو مطلوب تھے۔ ترجمان پاک فوج نے واضح کیا کہ افغانستان سرحد پر درپیش چیلنجز کے باوجود انسداد دہشت گردی آپریشنز پوری قوت سے جاری ہیں اور پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملکی سرحدوں کے دفاع کے لیے مکمل طور پر پُرعزم اور ثابت قدم ہیں۔

اعلامیے میں مزید بتایا گیا ہے کہ علاقے میں موجود بھارتی سرپرست یافتہ خوارج کے مکمل خاتمے کے لیے آپریشن "عزمِ استحکام” کے تحت سینیٹائزیشن کا عمل جاری ہے۔ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وطن عزیز سے دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک یہ فیصلہ کن کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے