کوٹری (کیو این این ورلڈ): کوٹری کے قریب حیدرآباد موٹروے پر تیز رفتار مسافر وین آگے چلنے والے ٹرالر سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں ایک خاتون اور بچی سمیت تین افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ پانچ افراد زخمی ہو گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں وین ڈرائیور 35 سالہ عمران علی، 45 سالہ زرمین قریشی اور 5 سالہ بچی آریشہ قریشی شامل ہیں۔ حادثے کے فوراً بعد ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر لاشوں اور زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والا خاندان شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے ٹنڈو آدم سے کراچی جا رہا تھا کہ کوٹری کے قریب یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا۔
پولیس حکام کے مطابق حادثے کے بعد ٹرالر ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا، تاہم ٹرالر کو تحویل میں لے کر تھانے منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ فرار ڈرائیور کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔