کوہاٹ(کیو این این ورلڈ) نواحی علاقے کوتل ٹاؤن شپ ڈبل روڈ پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے لیڈی ڈاکٹر کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے، مقتولہ کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق مقتولہ ڈی ایچ کیو ہسپتال کوہاٹ میں تعینات تھیں، جنہیں اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ اپنی ڈیوٹی ختم کرنے کے بعد گھر جا رہی تھیں، ملزمان فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کی ناکہ بندی کر کے شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں، تاہم اب تک قتل کی وجوہات سامنے نہیں آ سکیں۔ اس سفاکانہ قتل کے خلاف ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن سراپا احتجاج ہے اور ڈاکٹرز نے ہسپتال میں کام بند کر کے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔

ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے اپنے بیان میں واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ جب تک ملوث ملزمان کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں نہیں لایا جاتا، ان کا احتجاج اور ہڑتال کا سلسلہ جاری رہے گا۔ ضلعی انتظامیہ اور پولیس حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں اور بہت جلد اصل ملزمان کو بے نقاب کر دیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے