بہاولپور (کیو این این ورلڈ) صحرائے چولستان کے تپتے ریتلے ٹریک پر ہونے والی 21ویں بین الاقوامی چولستان جیپ ریلی کے پریپیئرڈ کیٹگری کے سنسنی خیز مقابلے خالد حمید کی جیت کے ساتھ اختتام پذیر ہو گئے ہیں۔ خالد حمید نے 452 کلومیٹر طویل دشوار گزار ٹریک محض 3 گھنٹے 54 منٹ اور 11 سیکنڈ میں مکمل کر کے پہلی پوزیشن اپنے نام کی۔ اس سخت مقابلے میں حسین آصف 3 گھنٹے 55 منٹ اور 1 سیکنڈ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے، جبکہ معروف ریسر صاحبزادہ سلطان 4 گھنٹے 14 منٹ اور 48 سیکنڈ کا وقت لے کر تیسری پوزیشن حاصل کر سکے۔ پریپیئرڈ بی کیٹگری میں عرفان میاں 4 گھنٹے 23 منٹ 45 سیکنڈ کے ساتھ فاتح قرار پائے، ان کے بعد ارباز خان دوسرے اور نعمان سرانجام تیسرے نمبر پر رہے۔

دیگر کیٹگریز کے مقابلوں میں بھی ریسر کے درمیان کانٹے کا مقابلہ دیکھنے کو ملا، جہاں پریپیئرڈ سی کیٹگری میں فلک شیر خان نے میدان مار لیا جبکہ بے ورگ مزاری اور محمود مجید بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر آئے۔ ڈی کیٹگری میں ظفر بلوچ اپنی مہارت کے بل بوتے پر پہلی پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہے، جبکہ عمر اقبال کانجو نے دوسری اور محمد آصف نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ خواتین کی مخصوص کیٹگری میں نامور ریسر سلمیٰ مروت نے ایک بار پھر اپنی برتری ثابت کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی، تاہم دفاعی چیمپئن دینا پاٹیل کے لیے آج کا دن بدقسمت ثابت ہوا اور وہ گاڑی میں فنی خرابی کے باعث ریس سے باہر ہو گئیں۔ پہلی بار متعارف کرائی گئی ٹرک ریس میں احمد شاہ نے کامیابی حاصل کر کے سب کو حیران کر دیا۔

چولستان جیپ ریلی کے ان مقابلوں کو دیکھنے کے لیے ملک بھر سے ہزاروں شائقین قلعہ دراوڑ کے اطراف جمع تھے، جنہوں نے ریسر کی مہارت اور تیز رفتاری کو بھرپور داد دی۔ ٹریک کی لمبائی اور ریت کے ٹیلوں نے کئی تجربہ کار ڈرائیورز کا سخت امتحان لیا، تاہم فاتح ریسر نے اپنی بہترین حکمت عملی سے یہ معرکہ سر کیا۔ انتظامیہ کے مطابق آج شام ایک پروقار تقریب تقسیمِ انعامات منعقد کی جائے گی جس میں تمام کیٹگریز کے فاتحین کو ٹرافیاں اور نقد انعامات دیے جائیں گے۔ اس میگا ایونٹ کے کامیاب انعقاد سے نہ صرف صحرائے چولستان کی رونقوں میں اضافہ ہوا ہے بلکہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے مثبت تشخص کو بھی فروغ ملا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے