قصور (کیو این این ورلڈ/ بیوروچیف طارق نوید سندھو) صوبائی وزیر قانون پنجاب و کنوینئر ڈی سی سی قصور رانا محمد اقبال خان کی زیرِ صدارت ڈپٹی کمشنر آفس کے کمیٹی روم میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع قصور کی مجموعی کارکردگی، امن و امان، صحت، تعلیم اور جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان، صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات، وفاقی وزیر مملکت ملک رشید احمد خان سمیت ضلع بھر کے منتخب ارکانِ اسمبلی اور تمام محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔

تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر قصور محمد آصف رضا نے ضلع کی انتظامی کارکردگی اور ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی، جبکہ ڈی پی او محمد عیسیٰ خان نے امن و امان کی صورتحال اور جرائم کے انسداد کے حوالے سے اقدامات سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں سی ای او ہیلتھ اور سی ای او ایجوکیشن نے اپنے اپنے محکموں کی کارکردگی اور عوامی سہولیات کی فراہمی پر رپورٹ پیش کی۔ پنجاب خوشحال پروگرام کے تحت جاری سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے منصوبوں کا بھی جائزہ لیا گیا اور متعلقہ افسران نے تعمیراتی پیش رفت پر بریفنگ دی۔

صوبائی وزیر قانون رانا محمد اقبال خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبہ بھر میں گڈ گورننس اور عوامی فلاح کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے تمام ترقیاتی اسکیموں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے اور محکموں کو باہمی رابطہ مضبوط بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ سڑکوں کی تعمیر کے منصوبے متعلقہ ارکانِ اسمبلی کی مشاورت سے شامل کیے جائیں اور کوٹ رادھا کشن روڈ کا پیچ ورک 15 روز میں ہر صورت مکمل کیا جائے۔

رانا محمد اقبال خان نے ڈی پی او قصور کو ہدایت کی کہ قانون کی عملداری یقینی بناتے ہوئے شہریوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ کیا جائے اور کسی بھی بے گناہ شہری کو گرفتار نہ کیا جائے۔ انہوں نے لیسکو حکام کو بجلی چوری کے خلاف سخت کارروائی، جبکہ ٹریفک پولیس کو قوانین پر عملدرآمد اور روانی برقرار رکھنے کی ہدایات جاری کیں۔ اجلاس میں ارکانِ اسمبلی نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں ضلعی انتظامیہ کی ریسکیو اور امدادی سرگرمیوں کو سراہا اور اطمینان کا اظہار کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے