قصور (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف طارق نوید سندھو)اُتھرے ڈاکوؤں کی وارداتیں جاری، پولیس کنٹرول کرنے میں ناکام، شہری پریشان
قصور میں ڈکیتی، راہزنی اور چوری کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کے باعث شہری شدید پریشانی اور عدم تحفظ کا شکار ہو گئے ہیں۔ مختلف علاقوں میں مسلح ڈاکوؤں اور چوروں نے متعدد وارداتوں کے دوران شہریوں سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، موبائل فون، طلائی زیورات اور موٹر سائیکلیں چھین لیں۔
تفصیلات کے مطابق پولیس تھانہ الہ آباد کے علاقہ بھیڑ سوڈیاں کے قریب ڈاکوؤں نے گن پوائنٹ پر بیاسنگھ والا کے رہائشی غلام قدیر ولد محمد عمر سے 30 ہزار روپے نقدی اور دو موبائل فون چھین لیے اور فرار ہو گئے۔
اسی طرح پولیس تھانہ تھہ شیخم کے علاقہ سہاری اوتاڑ میں موٹر سائیکل سوار مسلح ڈاکوؤں نے گن پوائنٹ پر کاہنہ لاہور کے رہائشی محمد عدنان ولد الطاف حسین سے 12 ہزار روپے نقدی اور موبائل فون چھین لیا جبکہ اس کے ساتھی اسد علی سے بھی 5 ہزار روپے نقدی لوٹ لی۔
پولیس تھانہ صدر چونیاں کے علاقہ مولا پور میں ڈاکوؤں نے مولا پور سے الہ آباد جانے والے مجیب الرحمان ولد جمیل احمد کو گن پوائنٹ پر روک کر اس سے 17 ہزار روپے نقدی، اے ٹی ایم کارڈ اور شناختی کارڈ چھین لیے۔
ادھر پولیس تھانہ سٹی چونیاں کے علاقہ محلہ مکی شاہ میں نامعلوم چور مقامی رہائشی ظہیر احمد ولد محمد صدیق جٹ کا تقریباً 2 لاکھ روپے مالیت کا چنگ چی رکشہ چوری کر کے لے گئے۔ جبکہ پولیس تھانہ صدر قصور کے علاقہ پی ایس او پٹرول پمپ نزد کمال چشتی موڑ سے نامعلوم چور تحصیل دار چوک دوسہرہ گراؤنڈ کے رہائشی عامر خان ولد پرویز احمد خان کی موٹر سائیکل بھی چوری کر کے فرار ہو گئے۔
پولیس کے مطابق مختلف واقعات کے مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے اور ملزمان کی تلاش کے لیے کارروائی جاری ہے۔ شہریوں نے بڑھتی ہوئی وارداتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ پولیس جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کرے تاکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔