قصور (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف طارق نوید) ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی قصور کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلع کی تعمیر و ترقی، امن و امان کی صورتحال اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان، صوبائی وزیر قانون رانا محمد اقبال خان، وفاقی وزیر مملکت ملک رشید احمد خان، رکن قومی اسمبلی شیخ سعد وسیم اور صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات خان سمیت اراکینِ صوبائی اسمبلی ملک احمد سعید خان، حاجی نعیم صفدر انصاری، چوہدری احسن رضا خان اور چوہدری الیاس گجر نے شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق اجلاس میں ڈپٹی کمشنر محمد آصف رضا اور ڈی پی او محمد عیسیٰ سکھیرا کے علاوہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز اور تمام ضلعی محکموں کے سربراہان بشمول سی ای اوز ایجوکیشن و ہیلتھ، ڈپٹی ڈائریکٹرز ڈویلپمنٹ، لوکل گورنمنٹ، سوشل ویلفیئر، اور ایکسئینز ہائی وے، بلڈنگ و ایری گیشن بھی موجود تھے۔ شرکاء کو ضلع میں امن و امان کے قیام، چوری و ڈکیتی کی وارداتوں پر قابو پانے کے لیے کیے گئے اقدامات اور رمضان المبارک کے دوران عوام کو دی جانے والی سہولیات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کے دوران "ستھرا پنجاب پروگرام”، ہائی وے، فاریسٹ، ایری گیشن اور پرائس کنٹرول سمیت وزیراعلیٰ پنجاب کے گڈ گورننس اقدامات پر عملدرآمد کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ کمیٹی ممبران نے بعض مقامی مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ عوامی بہبود کے اقدامات پر مؤثر عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ ضلع کی تعمیر و ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
اراکینِ کمیٹی نے انتظامی افسران کو ہدایات جاری کیں کہ ضلع میں جاری ترقیاتی اسکیموں کو مقررہ مدت کے اندر تیز رفتاری سے مکمل کیا جائے اور تعمیراتی کام کے دوران معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت اور اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنا ضلعی محکموں کی ذمہ داری ہے تاکہ عوام ان منصوبوں کے ثمرات سے حقیقی معنوں میں مستفید ہو سکیں۔