قصور سے بیورو چیف طارق نوید سندھو کی رپورٹ کے مطابق تھانہ راجہ جنگ کی حدود میں ہونے والے ایک مبینہ پولیس مقابلے کے دوران پانچ سالہ بچے کے ساتھ زیادتی اور قتل میں ملوث ملزم عمر اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کا نشانہ بن کر ہلاک ہو گیا ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم مقتول بچے کا ہمسایہ تھا جس نے چند روز قبل حویلی خوشحال سنگھ میں معصوم بچے کو درندگی کا نشانہ بنانے کے بعد بے رحمی سے قتل کر دیا تھا۔ اس لرزہ خیز واقعے کی خبر میڈیا پر نشر ہونے کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی سخت نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری اور انصاف کی فراہمی کا حکم دیا تھا۔
پولیس حکام کے مطابق ملزم کو برآمدگی کے لیے لے جایا جا رہا تھا کہ اس کے مسلح ساتھیوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں زیرِ حراست ملزم عمر شدید زخمی ہوا اور بعد ازاں دم توڑ گیا۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ ملزم اپنے ہی گروہ کی فائرنگ کی زد میں آ کر ہلاک ہوا ہے، جبکہ اس کے مفرور ساتھیوں کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ واقعے کے بعد علاقے میں سخت پولیس نفری تعینات ہے اور حکام کا کہنا ہے کہ معصوم جانوں سے کھیلنے والے درندوں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔