کراچی: (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار ڈاکٹربشیر بلوچ) کراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل آصف جان صدیقی نے اعلان کیا ہے کہ کریم آباد انڈر پاس کا ترقیاتی کام آئندہ 15 روز میں مکمل کرلیا جائے گا اور اسے 10 اپریل کو ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا۔
ڈی جی کے ڈی اے کے مطابق منصوبے پر دن رات کام جاری ہے تاکہ مقررہ وقت میں تکمیل یقینی بنائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ انڈر پاس کی بروقت تکمیل سے شہریوں کو ٹریفک کے مسائل میں نمایاں ریلیف ملے گا۔
کے ڈی اے حکام کے مطابق کریم آباد انڈر پاس کی مجموعی لمبائی تقریباً 1.1 کلومیٹر ہے جبکہ اس کا تعمیراتی کام دسمبر 2023 میں شروع کیا گیا تھا اور اسے ایک سال میں مکمل ہونا تھا۔
حکام کا مزید کہنا ہے کہ منصوبے کی ابتدائی لاگت ایک ارب 35 کروڑ روپے رکھی گئی تھی تاہم تعمیر کے دوران لاگت میں نمایاں اضافہ ہوا اور اب اس کی مجموعی لاگت تقریباً 3 ارب 83 کروڑ روپے تک پہنچ چکی ہے۔