کراچی (کیو این این ورلڈ/ نامہ نگار ڈاکٹر بشیر احمد بلوچ) کراچی میں دو مختلف ٹریفک حادثات میں عید کی خوشیاں ماتم میں بدل گئیں، جہاں کریم آباد اور بلوچ کالونی کے علاقوں میں پیش آنے والے افسوسناک واقعات میں تین افراد جاں بحق ہو گئے۔
کریم آباد فرنیچر مارکیٹ کے قریب ٹریلر کی تیز رفتار ٹکر نے موٹرسائیکل سوار دو نوجوان بھائیوں کی زندگیوں کا چراغ گل کر دیا۔ پولیس کے مطابق عزیز آباد کے رہائشی یہ دونوں بھائی عید کی شاپنگ کے لیے گھر سے نکلے تھے، جن میں سے ایک نویں اور دوسرا دسویں جماعت کا طالب علم تھا۔
واقعے کے فوری بعد پولیس نے جاں بحق ہونے والے نوجوانوں کی لاشیں ہسپتال منتقل کر دیں۔ ٹریلر کا ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، جس کی گرفتاری کے لیے پولیس نے تلاش شروع کر دی ہے۔
دوسری جانب بلوچ کالونی پل کے قریب ایک اور حادثہ پیش آیا جہاں چلتے ہوئے ٹینکر کا ٹائر اچانک نکل گیا، جس کی زد میں آ کر موٹرسائیکل سوار ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ پولیس نے دونوں واقعات کے مقدمات درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے