کراچی(کیو این این ورلڈ/ڈاکٹربشیر بلوچ کی رپورٹ) شہرِ قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس مقابلوں اور شہریوں کی فائرنگ کے نتیجے میں 3 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ ذاتی رنجش پر فائرنگ سے ایک شہری بھی زخمی ہوا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاؤن سیکٹر 14 بی میں فرحان اسکول کے قریب پاکستان بازار پولیس نے مبینہ مقابلے کے دوران ایک ڈاکو عمیر علی کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے اس کے قبضے سے اسلحہ برآمد کر لیا۔ اسی طرح اسٹیل ٹاؤن پولیس نے ڈسٹرکٹ ملیر سومار گوٹھ میں مبینہ مقابلے کے بعد ڈاکو محمد افضل کو زخمی حالت میں گرفتار کیا، جس کا ایک ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا؛ ملزم کے قبضے سے پستول، موبائل فون اور نقدی برآمد کر لی گئی ہے۔ دونوں زخمی ملزمان کو بالترتیب عباسی شہید اور جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب غریب آباد کے علاقے اسحاق آباد میں ڈکیتی کی واردات کے دوران ایک شہری نے ہمت دکھاتے ہوئے فائرنگ کر دی، جس سے ایک ڈاکو شدید زخمی ہو گیا۔ اس دوران عوام نے فرار ہونے کی کوشش کرنے والے اس کے دیگر دو ساتھیوں کو پکڑ کر بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر زخمی ڈاکو کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا اور تشدد کا شکار ہونے والے اس کے دونوں ساتھیوں کو گرفتار کر کے تھانے منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہر میں اسٹریٹ کرائم کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر دی گئی ہیں۔

فائرنگ کا ایک اور واقعہ سہراب گوٹھ میں جمالی پل کے قریب پیش آیا، جہاں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 30 سالہ زین دین ولد لال محمد زخمی ہو گیا۔ ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمی شخص کو عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے اور ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ یہ واقعہ ذاتی رنجش کا شاخسانہ ہے۔ علاقہ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ ملوث افراد کو گرفتار کیا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے