کراچی (کیو این این ورلڈ/ڈاکٹربشیر بلوچ کی رپورٹ) شہرِ قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس اور سیکیورٹی اداروں نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے ایک ملزم کو ہلاک اور منشیات فروش خاتون سمیت متعدد افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ سرجانی ٹاؤن کے سیکٹر سیون سی میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران زخمی ہونے والا ملزم جلیل عباسی شہید اسپتال میں علاج کے دوران دم توڑ گیا۔ پولیس کے مطابق ہلاک ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور دیگر سامان برآمد ہوا ہے۔ ادھر لیاقت آباد نمبر 4 کی فرنیچر مارکیٹ میں بھی پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں دو ڈاکو نوید اور وسیم زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے۔ گرفتار ملزم کے قبضے سے دو پستول، موبائل فون اور موٹر سائیکل برآمد کر لی گئی ہے۔
دوسری جانب لیاری کے حساس علاقوں میں پولیس اور سندھ رینجرز نے رات گئے بڑا مشترکہ کومبنگ آپریشن کیا۔ ترجمان ڈسٹرکٹ سٹی پولیس کے مطابق اس سرچ آپریشن میں ہاٹ اسپاٹ پوائنٹس، گھروں اور رہائشی ہوٹلوں کی تلاشی لی گئی، جبکہ "تلاش ایپ” کے ذریعے مشتبہ افراد کی بائیو میٹرک تصدیق کی گئی۔ کارروائی کے دوران متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کے لیے تھانوں منتقل کر دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس آپریشن کا مقصد علاقے میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنا اور شرپسند عناصر کا خاتمہ کرنا ہے۔
علاوہ ازیں، تھانہ پاکستان بازار پولیس نے خفیہ اطلاع پر سیکٹر 14C میں کارروائی کرتے ہوئے مطلوب منشیات فروش ملزمہ اجالا عرف بیگم اور اس کے ساتھی محمد حنیف کو گرفتار کر لیا۔ ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی کے مطابق گرفتار ملزمہ کا نام پولیس کی مطلوب فہرست میں شامل ہے اور وہ پہلے بھی جیل جا چکی ہے۔ ملزمان کے قبضے سے 212 گرام آئس اور نقدی برآمد ہوئی ہے، جن کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ پولیس نے واضح کیا ہے کہ شہر میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔