کراچی (کیو این این ورلڈ) پنجاب سے کراچی آنے والی مسافر ٹرین ملیر 15 کے قریب حادثے کا شکار ہو گئی، تاہم خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ پولیس اور ریلوے ذرائع کے مطابق ٹرین اپنی منزل کی جانب رواں دواں تھی کہ ملیر کے مقام پر اچانک اس کی بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں اور متعلقہ حکام فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور صورتحال کو کنٹرول میں لیا۔

ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں تمام مسافر اور عملہ مکمل طور پر محفوظ رہا ہے اور کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔ متاثرہ بوگیوں کو دوبارہ پٹری پر چڑھانے اور ٹریک کو بحال کرنے کے لیے امدادی کام فوری طور پر شروع کر دیا گیا ہے۔ اس حادثے کے باعث متاثرہ ٹریک پر ٹرینوں کی آمدورفت عارضی طور پر متاثر رہی، تاہم ریلوے انتظامیہ نے متاثرہ ٹریک کی جلد بحالی کی یقین دہانی کرائی ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے