گھوٹکی (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار مشتاق علی لغاری)کراچی کی لڑکی کی میرپور ماتھیلو کے نوجوان سے پسند کی شادی، جوڑے کا تحفظ کا مطالبہ
کراچی کے علاقے اسٹیل ٹاؤن ملیر کی رہائشی سکینہ شاہ نے میرپور ماتھیلو کی عدالت میں پسند کی شادی کر لی۔ سکینہ شاہ نے میرپور ماتھیلو کے رہائشی زاہد حسین پتافی سے نکاح کیا جس کے بعد دونوں نے اپنی جان کو لاحق خطرات کے پیش نظر حکام سے تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سکینہ شاہ نے کہا کہ انہیں نہ کسی نے ورغلایا ہے اور نہ ہی اغوا کیا گیا ہے، بلکہ انہوں نے اپنی مرضی اور خوشی سے زاہد حسین پتافی سے عدالت میں نکاح کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ شادی کے بعد ان کے سوتیلے والد امتیاز شاہ اور دیگر رشتہ دار کامران شاہ، شہباز شاہ، حبدار چانڈیو، دلدار چانڈیو، فرمان، سہیل، امداد علی، اسد اور عمران ناراض ہو گئے ہیں اور انہیں اور ان کے شوہر کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں، جبکہ ان کے خلاف ایک جھوٹا مقدمہ بھی درج کرا دیا گیا ہے۔
سکینہ شاہ اور زاہد حسین پتافی نے کہا کہ انہیں اپنے رشتہ داروں سے شدید خطرہ لاحق ہے اور کسی بھی وقت ان پر حملہ کیا جا سکتا ہے، جس سے جانی نقصان کا خدشہ ہے۔
انہوں نے چیف جسٹس سندھ، آئی جی سندھ اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں فوری تحفظ فراہم کیا جائے، ان کے خلاف درج جھوٹا مقدمہ ختم کیا جائے اور انہیں اپنی مرضی کے مطابق زندگی گزارنے کا آئینی حق دیا جائے۔