کراچی (کیو این این ورلڈ) شہرِ قائد کے علاقے سولجر بازار، گل رعنا کالونی میں سحری کے وقت ایک رہائشی عمارت میں گیس لیکیج کے باعث ہولناک دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں عمارت کی چھت گرنے سے بچی سمیت 14 افراد جاں بحق اور 14 زخمی ہو گئے۔ دھماکا اس قدر شدید تھا کہ اس کی گونج دور دور تک سنی گئی اور قریبی عمارتیں بھی لرز اٹھیں، جس سے پورے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایدھی اور چھیپا کے رضا کار ایمبولینسوں کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور لاشوں و زخمیوں کو سول ہسپتال منتقل کیا، جہاں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
اے ایس پی جمشید عاشر کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ صبح 4 بجکر 15 منٹ پر پیش آیا۔ تحقیقاتی حکام کا کہنا ہے کہ دھماکا عمارت کی پہلی منزل پر گیس لیکیج کی وجہ سے ہوا، جس نے پوری عمارت کو لپیٹ میں لے لیا۔ یہ گراؤنڈ پلس ٹو منزلہ عمارت چھوٹے چھوٹے کمروں پر مشتمل تھی اور مبینہ طور پر غیر قانونی طور پر تعمیر کی گئی تھی۔ تنگ گلیوں اور جگہ کی کمی کے باعث امدادی ٹیموں کو بھاری مشینری استعمال کرنے اور ریسکیو آپریشن میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
جاں بحق ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، جن میں اب تک 10 سالہ سجاد، 44 سالہ زینب، 17 سالہ افشاں، طلحہ اور 60 سالہ ریاض کی شناخت ہو سکی ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کے بعد عمارت تاش کے پتوں کی طرح بکھر گئی اور ملبے تلے دبے افراد کی چیخ و پکار سے فضا سوگوار ہو گئی۔ حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ملبے تلے مزید ایک سے دو افراد دبے ہو سکتے ہیں جن کی تلاش کے لیے آپریشن جاری ہے، جبکہ شہریوں کو جائے وقوعہ سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ امدادی کاموں میں خلل نہ پڑے۔