کراچی: بارش کو کئی گھنٹےگزر گئے مگر شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی تاحال بحال نہ ہوسکی

کراچی (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار ڈاکٹربشیربلوچ) شہر قائد میں بارش گزرنے کے کئی گھنٹے بعد بھی مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی بحال نہ ہوسکی جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

سائٹ ایریا، ناظم آباد، لیاقت آباد، لائنز ایریا، ماڑی پور روڈ، مچھر کالونی، گلشن معمار، نیو کراچی، سرجانی، قائد آباد، لانڈھی، ملیر اور کورنگی کے متعدد علاقوں میں تاحال بجلی معطل ہے۔ اس کے علاوہ کیماڑی کے بیشتر علاقے، کلفٹن بلاک 5، اسکیم 33، ملیر کینٹ، گلستان جوہر بلاک 41 اے، ٹیپو سلطان روڈ اور کراچی ریونیو سوسائٹی بھی بجلی سے محروم ہیں۔

بجلی کی طویل بندش کے باعث شہریوں کو سحری کے وقت شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ گرمی اور حبس میں صورتحال مزید پریشان کن ہو گئی۔

ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق شہر کے 2100 میں سے 560 فیڈرز متاثر ہوئے ہیں اور مختلف علاقوں میں بحالی کا کام جاری ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ تیز ہواؤں اور موسلادھار بارش کے باعث بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ مکمل بحالی میں مزید کتنا وقت لگے گا۔

دوسری جانب حیدرآباد میں بھی بارش کے بعد نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا جبکہ 400 فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ مکلی، ٹھٹہ اور گردونواح میں گرد آلود طوفان اور ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ سیہون، بھان اور سید آباد سمیت اطراف کے علاقوں میں بھی بارش ہوئی۔

ادھر عمرکوٹ میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی اور تیز بارش کے بعد بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی، جبکہ تیز ہوا اور بارش کے باعث گندم اور اسپغول کی تیار فصلوں کو شدید نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے