کراچی (کیو این این ورلڈ):کراچی میں ریلوے ٹریک پر دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا، سی ٹی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے مبینہ بھارتی نیٹ ورک سے تعلق رکھنے والے 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ڈی آئی جی سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار ملزمان ریلوے ٹریکس کو نقصان پہنچانے اور انہیں دھماکے سے اڑانے کی منصوبہ بندی میں ملوث تھے۔ بروقت کارروائی کے باعث ایک بڑی تباہی کو ٹال دیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ کالعدم تنظیموں بی ایل اے اور بی ایل ایف کو بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کی جانب سے مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ گرفتار دہشت گرد حساس تنصیبات کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
ڈی آئی جی سی ٹی ڈی کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردوں کو سہولت فراہم کرنے والوں کی نشاندہی بھی کر لی گئی ہے اور ان کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ دہشت گردی کے یہ تمام نیٹ ورکس ہمسایہ ملک سے آپریٹ ہو رہے ہیں، جن کے مکمل خاتمے کیلئے اقدامات جاری ہیں۔