سکھر (کیو این این ورلڈ،نامہ نگار مشتاق علی لغاری) جمعیت علماء اسلام ضلع سکھر کے امیر اور صوبائی ڈپٹی سیکریٹری جنرل مولانا محمد صالح انڈھڑ نے ضلع میں بڑھتی ہوئی بدامنی، لاقانونیت اور قتل و غارت گری کے خلاف "امن بحال کرو تحریک” کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ تھرمل پاور ہاؤس سٹی سکھر میں منعقدہ بڑے احتجاجی مظاہرے اور دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس تحریک کا آغاز حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ناکامی کا واضح ثبوت ہے، اور اب یہ سلسلہ امن و امان کی مکمل بحالی تک کسی صورت ختم نہیں ہوگا۔

مولانا محمد صالح انڈھڑ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ضلع سکھر میں بدامنی اس حد تک بڑھ چکی ہے کہ اب سڑکیں، بازار اور گھر بھی محفوظ نہیں رہے، یہاں تک کہ ججز اور پولیس اہلکار بھی خود کو غیر محفوظ محسوس کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ احتجاجی مظاہرے ضلع بھر کے 14 مختلف مقامات پر کیے جا رہے ہیں تاکہ بدامنی کے خلاف ایک منظم عوامی آواز بلند کی جا سکے، جبکہ فروری کے ابتدائی ایام میں اس تحریک کا دوسرا مرحلہ شروع کیا جائے گا جس میں احتجاج کا دائرہ کار مزید وسیع کر دیا جائے گا۔

مظاہرے میں جے یو آئی کے دیگر رہنماؤں بشمول حافظ عبدالحمید مہر، مولانا محمد عابد سندھی، قاری لیاقت علی مغل اور دیگر علماء کرام سمیت کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف فوری اور نتیجہ خیز کارروائی کی جائے تاکہ شہریوں کو تحفظ مل سکے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر صورتحال بہتر نہ ہوئی تو احتجاج میں مزید شدت لائی جائے گی جس کی تمام تر ذمہ داری انتظامیہ اور متعلقہ اداروں پر عائد ہوگی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے