جڑانوالہ کے تھانہ روڈالہ کے علاقے چک نمبر 368 گ ب میں ایک انتہائی دلخراش واقعہ پیش آیا ہے جہاں پانچ سالہ معصوم بچی کو مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد بے دردی سے موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق سفاک ملزمان نے معصوم فضیلت کو گلا دبا کر قتل کیا اور گرفتاری سے بچنے کے لیے اس کی لاش قریبی مکئی کی فصل میں پھینک کر جائے وقوعہ سے فرار ہو گئے۔ اس لرزہ خیز واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنے شروع کر دیے، جبکہ بچی کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے ایس پی جڑانوالہ کی براہِ راست سربراہی میں ایک خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے جو ملزمان کے سراغ کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مار رہی ہے۔ مقامی پولیس نے متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا ہے کہ اس گھناؤنے فعل میں ملوث درندہ صفت عناصر کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ اس افسوسناک واقعے کے بعد پورے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے اور شہریوں نے ملزمان کو سرعام سخت ترین سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔