جامشورو: (کیو این این ورلڈ) جامشورو میں خانہ بدوش خاتون کے مبینہ اغوا اور زیادتی کے بعد قتل کے افسوسناک واقعے پر آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی حیدرآباد سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
آئی جی سندھ نے پولیس حکام کو ہدایت کی ہے کہ واقعے کی شفاف، غیر جانبدارانہ اور جامع تحقیقات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے متاثرہ خاندان کو مکمل قانونی تحفظ فراہم کرنے اور ان کی ہر ممکن معاونت کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔
ترجمان آئی جی سندھ کے مطابق جاوید عالم اوڈھو نے مقتولہ کے شوہر کی مدعیت میں درج مقدمے میں نامزد ملزمان کی فی الفور گرفتاری کے لیے چھاپے مارنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایسے گھناؤنے جرائم میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مقتولہ کے لواحقین کو انصاف کی فراہمی کے لیے تمام تر سائنسی اور جدید طریقہ کار کو تفتیش کا حصہ بنایا جا رہا ہے تاکہ ملزمان کو جلد از جلد قانون کے کٹہرے میں لا کر قرار واقعی سزا دلوائی جا سکے۔