ٹھٹھہ(کیو این این ورلڈ/بلاول سموں کی رپورٹ) ایم 9 موٹروے پر جامشورو کے قریب ایک خوفناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں ریسکیو 1122 کا نرسنگ اسٹاف فیض ولد غلام سرور منگریو موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ 4 اہلکار زخمی ہو گئے۔ یہ دلخراش واقعہ ریسکیو 1122 کی ایمبولینس اور ایک ٹرالر کے درمیان تصادم کے باعث پیش آیا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق ریسکیو 1122 کی ایمبولینس دورانِ ڈیوٹی موٹروے پر جا رہی تھی کہ اچانک سامنے موجود ٹرالر سے ٹکرا گئی۔ حادثہ اس قدر شدید تھا کہ ایمبولینس کو شدید نقصان پہنچا اور اندر موجود عملہ زخمی ہو گیا۔

حادثے میں جاں بحق ہونے والے نرسنگ اسٹاف فیض ولد غلام سرور منگریو کا تعلق خیرپور میرس سے تھا۔

حادثے میں زخمی ہونے والوں میں ڈرائیور محمد یامین ولد محمد عثمان منگریو (سکنہ خیرپور میرس)، عمران شاہ ولد سردار شاہ (سکنہ میرپور ماتھیلو)، صغیر ولد غلام شبیر منگریو (سکنہ میرپور ماتھیلو)، اور شہنشاہ ولد سردار شاہ شامل ہیں۔

تمام زخمیوں کو فوری طور پر سول اسپتال حیدرآباد منتقل کیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

حادثے کے بعد موٹروے پر ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی، جسے امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر بحال کیا۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور حادثے کی اصل وجوہات جاننے کے لیے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے