اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) وفاقی حکومت نے ملک میں جدید سیکیورٹی فیچرز سے لیس نئے کرنسی نوٹ متعارف کرانے کا باضابطہ فیصلہ کر لیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت منعقدہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزارت خزانہ کی جانب سے اسٹیٹ بینک کے نئے بینک نوٹوں کے ڈیزائن پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ کابینہ نے ان نئے ڈیزائنوں پر غور و خوض اور حتمی سفارشات کی تیاری کے لیے ایک خصوصی کابینہ کمیٹی تشکیل دے دی ہے جو اس اہم منصوبے کی نگرانی کرے گی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ 100، 500، 1000 اور 5000 روپے کے نئے بینک نوٹوں کو جدید ترین بین الاقوامی تقاضوں کے مطابق ڈیزائن کیا جا رہا ہے۔ اس مقصد کے لیے بین الاقوامی ماہرین کی خدمات حاصل کی گئی ہیں تاکہ نوٹوں کو جعل سازی سے بچانے کے لیے ان میں زیادہ بہتر اور جدید سیکیورٹی تھریڈز اور دیگر حفاظتی تدابیر شامل کی جا سکیں۔ نئے نوٹوں کی تیاری کا مقصد کرنسی کے نظام کو مزید مستحکم اور محفوظ بنانا ہے۔
ان نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن میں پاکستان کے علاقائی و جغرافیائی تنوع اور تاریخی یادگاروں کو خصوصی طور پر اجاگر کیا گیا ہے۔ بریفنگ میں مزید واضح کیا گیا کہ ڈیزائن میں پہلی بار خواتین کی قومی ترقی میں شمولیت اور ماحولیاتی تبدیلی جیسے اہم معاشرتی موضوعات کو بھی جگہ دی جائے گی۔ یہ اقدام جہاں پاکستان کی ثقافتی پہچان کو بہتر انداز میں پیش کرے گا، وہیں جدید معاشرتی مسائل کے حوالے سے عوامی آگاہی کا ذریعہ بھی بنے گا۔