تہران (کیو این این ورلڈ) ایران کے صوبہ ہرمزگان کے شہر مناب میں اسرائیل نے لڑکیوں کے ایک اسکول کو نشانہ بنایا ہے جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر جانی نقصان ہوا ہے۔ ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق اس وحشیانہ حملے میں 53 طالبات شہید جبکہ 63 زخمی ہو گئی ہیں۔
عرب میڈیا کا بتانا ہے کہ اسرائیل نے مناب شہر میں واقع لڑکیوں کے اسکول کو براہِ راست نشانہ بنایا۔ ایرانی حکام نے اس افسوسناک واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اسرائیلی فورسز کی جانب سے "شجرۂ طیّبہ” اسکول پر بمباری کی گئی، جس سے وہاں موجود طالبات کی بڑی تعداد لقمہ اجل بن گئی۔
حکام کے مطابق متاثرہ اسکول میں امدادی اور ریسکیو کارروائیاں تاحال جاری ہیں تاکہ زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جا سکے۔ ایرانی سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ہولناک حملے کے بعد شہر میں سکیورٹی کی صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لیے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔