گوجرہ (کیو این این ورلڈ/عبد الرحمن جٹ) شیعہ علماء کونسل وسطی پنجاب کی صوبائی، ڈویژنل اور ضلعی قیادت نے اسلام آباد کے علاقے ترلائی کلاں میں واقع امام بارگاہ خدیجہ الکبریٰ میں نمازِ جمعہ کے دوران ہونے والے خودکش دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ مشترکہ بیان میں سید آصف شیرازی، سید طاہر کاظمی، سبطین رضا اور سید ثقلین کاظمی نے اس واقعے کو بزدلانہ دہشت گردی قرار دیتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

رہنماؤں نے اپنے بیان میں کہا کہ دورانِ نماز بے گناہ نمازیوں کو نشانہ بنانا انسانیت کے خلاف سنگین جرم ہے اور یہ کارروائی فتنہ خوارج کی ہے جنہوں نے رمضان المبارک سے قبل دارالحکومت کی فضا کو خون آلود کیا۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ اس واقعے میں متعدد نمازی شہید اور کئی زخمی ہوئے ہیں، جو کہ ملکی سلامتی کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے۔

سید آصف شیرازی اور دیگر عہدیداروں نے وزیراعظم پاکستان اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے مطالبہ کیا کہ اس سانحے میں ملوث عناصر کو فوری گرفتار کر کے عبرتناک سزا دی جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ ان تمام کالعدم تنظیموں کے خلاف بھرپور آپریشن کیا جائے جو دہشت گردوں کی پشت پناہی کر رہی ہیں اور ملک کے امن کو تباہ کرنے کے درپے ہیں۔

رہنماؤں نے مزید کہا کہ اسلام آباد میں بعض کالعدم تنظیموں کی سرگرمیوں اور اشتعال انگیز نعرے بازی پر بروقت کارروائی نہ ہونا تشویشناک ہے۔ انہوں نے حکومت کو خبردار کیا کہ اگر دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف فوری اور مؤثر اقدامات نہ کیے گئے تو وہ ملک گیر احتجاجی لائحہ عمل اختیار کرنے پر مجبور ہوں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے