اسلام آباد(کیو این این ورلڈ) ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران کا خطے کے دیگر ممالک کے ساتھ کسی قسم کے تنازع میں پڑنے کا کوئی ارادہ نہیں اور ایران خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق ایران کے صدر مسعود پزشکیان اور پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان اہم گفتگو ہوئی جس میں خطے کی صورتحال، عالمی امن اور باہمی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
گفتگو کے دوران ایرانی صدر نے کہا کہ اگر عالمی برادری جنگوں اور تنازعات کے اصل ذمہ داروں پر توجہ نہ دے تو اس سے عالمی نظام اور سکیورٹی کو سنگین خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور امن کے قیام کے لیے مشترکہ کوششیں ضروری ہیں۔
مسعود پزشکیان کا کہنا تھا کہ ایران خطے میں کشیدگی نہیں چاہتا اور دیگر ممالک کے ساتھ تصادم کی پالیسی اختیار کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا، بلکہ باہمی احترام اور تعاون کے ذریعے مسائل کے حل کا خواہاں ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کے نومنتخب سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کو خط ارسال کیا تھا جس میں انہوں نے آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں ایران کے برادر عوام اور امت مسلمہ سے پاکستانی عوام کی جانب سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا بھی کی۔