تہران (کیو این این ورلڈ) ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے پڑوسی ممالک کو یقین دہانی کروائی ہے کہ ایران ان کے خلاف کسی قسم کی فوجی کارروائی یا میزائل حملے کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا۔ ایک حالیہ بیان میں صدر مسعود پزشکیان نے گزشتہ دنوں ہونے والے حملوں پر پڑوسی ممالک سے معذرت کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ ایران دیگر ممالک کی سالمیت کا احترام کرتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ عبوری لیڈر شپ کونسل نے پڑوسی ممالک کے خلاف میزائل حملے نہ کرنے کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جب تک کسی پڑوسی ملک کی سرزمین ایران کے خلاف استعمال نہیں کی جائے گی، تب تک ایران ان ممالک کی سرحدوں کے خلاف کوئی قدم نہیں اٹھائے گا تاکہ خطے میں امن و استحکام کو برقرار رکھا جا سکے۔
صدر مسعود پزشکیان نے اپنے خطاب میں سخت لہجہ اپناتے ہوئے کہا کہ ایران کسی بھی صورت امریکہ اور اسرائیل کے سامنے سرینڈر نہیں کرے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ دشمن کو ایرانی عوام کے ہتھیار ڈالنے کی خواہش اپنے ساتھ قبر میں لے جانی پڑے گی۔ صدر کے مطابق ایران اپنی خودداری اور دفاعی صلاحیتوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا اور ہر بیرونی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ایران پر حالیہ امریکی اور اسرائیلی حملوں کے جواب میں ایران نے خطے میں قائم امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا تھا، جس کی زد میں آکر بعض شہری بھی زخمی ہوئے تھے۔ ایرانی صدر کا یہ تازہ بیان پڑوسی ممالک کے تحفظات دور کرنے اور علاقائی کشیدگی کو کم کرنے کی ایک اہم سفارتی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔