اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ایران پر ہونے والی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران اس وقت صرف اپنا نہیں بلکہ فلسطین کا بھی دفاع کر رہا ہے، لہٰذا عالمِ اسلام کو اس وقت باہمی اتحاد کی اشد ضرورت ہے۔

امیر جے یو آئی مولانا فضل الرحمان اسلام آباد میں ایرانی سفارتخانے پہنچے جہاں انہوں نے ایرانی سفیر رضا امیری مقدم سے خصوصی ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے ایران کے خلاف ہونے والی فوجی کارروائیوں کی مذمت کی اور تہران کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ صیہونیت اور یورپ کے گٹھ جوڑ نے پہلے فلسطین پر قبضہ کیا اور اب حماس کی حمایت کرنے پر ایران کے خلاف جنگ کا نیا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ امریکہ انسانیت کا دشمن ہے اور بیہودہ الزامات لگا کر ان حملوں کا جواز پیش کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امتِ مسلمہ کو باہمی دست و گریبان ہونے کے بجائے متحد ہو کر صیہونی عزائم کا مقابلہ کرنا چاہیے، پاکستان کے عوام اس مشکل وقت میں ایران کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے مولانا فضل الرحمان کی آمد کو اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے پاک ایران تعلقات کی بہتری کے لیے ان کے کردار کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ اس جنگ میں فتح عالمِ اسلام کی ہوگی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے