ایران امریکا رابطے جاری، پابندیوں کے خاتمے سمیت جامع معاہدے پر غور

واشنگٹن/تہران (کیو این این ورلڈ) امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران جوہری ہتھیار نہ بنانے کی تمام ضروری ضمانتیں دینے پر آمادہ ہے جبکہ وہ جوہری ٹیکنالوجی کے پرامن استعمال کا حق برقرار رکھنا چاہتا ہے۔

رپورٹس میں ایرانی ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ حالیہ دنوں میں امریکا اور ایران کے درمیان رابطہ ہوا ہے، تاہم یہ بات چیت تاحال باضابطہ مذاکرات کی سطح تک نہیں پہنچی۔ ذرائع کے مطابق ایران جنگ کے خاتمے کے لیے پائیدار اور جامع تجاویز سننے پر آمادہ ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق ایرانی حکام نے واضح کیا ہے کہ صرف جنگ بندی تک محدود تجاویز زیر غور نہیں بلکہ تنازع کے مکمل اور دیرپا حل کے لیے مختلف آپشنز پر غور کیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں متعدد ثالثوں کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان پیغامات کا تبادلہ بھی جاری ہے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ایران نے امریکا کے ساتھ براہ راست ملاقات یا مذاکرات کی درخواست نہیں کی، تاہم وہ ایسے ممکنہ معاہدے پر غور کر سکتا ہے جس میں اس کے قومی مفادات کا مکمل تحفظ یقینی بنایا جائے۔

ایرانی ذرائع کے مطابق کسی بھی ممکنہ معاہدے میں ایران پر عائد اقتصادی پابندیوں کا خاتمہ ایک بنیادی شرط ہوگا، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان جاری کشیدگی کے مستقل خاتمے کے لیے ٹھوس پیش رفت پر غور جاری ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے