تہران (کیو این این ورلڈ) ایران نے عالمی برادری کو آگاہ کیا ہے کہ امریکا اور اسرائیل دہشتگردی کی معاونت میں ملوث ہیں۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ایران کی انسدادِ دہشتگردی فورس نے مختلف مقامات پر چھاپے مار کر اسرائیل کی خفیہ ایجنسی سے منسلک مبینہ فسادی عناصر کی گرفتاری کا دعویٰ کیا ہے۔
ایرانی حکام کے مطابق کارروائیوں کے دوران گرفتار کیے گئے افراد ملک میں بدامنی پھیلانے کی سرگرمیوں میں ملوث تھے۔ ایرانی میڈیا نے ان افراد کی ویڈیوز بھی جاری کی ہیں، جن میں ان پر ریاست مخالف سرگرمیوں میں شمولیت کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب ایران نے عالمی برادری کو باضابطہ طور پر آگاہ کیا ہے کہ امریکا اور اسرائیل دہشتگردی کی پشت پناہی کر رہے ہیں، جس سے خطے کے امن و استحکام کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ ایسے اقدامات بین الاقوامی قوانین اور ریاستی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ایرانی وزارتِ خارجہ نے اپنے بیان میں خبردار کیا تھا کہ اگر ایران کے خلاف کسی بھی قسم کی جارحیت کی گئی تو اس کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ ایرانی حکام کے مطابق ملک کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔