بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے، اگلی بار جواب برق رفتار اور شدید ہوگا: فیلڈ مارشل عاصم منیر
پاکستان کا تصور ناقابلِ تسخیر ہے، کوئی ہماری خودمختاری کو آزمانے کی جرات نہ کرے: چیف آف ڈیفنس فورسز
اسلام آباد: چیف آف دی آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ بھارت کسی خودفریبی یا غلط گمان کا شکار نہ رہے، اگر وہ دوبارہ کسی مہم جوئی کی کوشش کرے گا تو پاکستان کا جواب پہلے سے بھی زیادہ برق رفتار، شدید اور فیصلہ کن ہوگا۔
مسلح افواج کے افسران سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے کہا کہ نئے قائم ہونے والے ڈیفنس فورسز ہیڈ کوارٹرز کا قیام ایک تاریخی اور بنیادی تبدیلی ہے، جو مستقبل کے بڑھتے ہوئے خطرات اور ملٹی ڈومین آپریشنز کے تناظر میں نہایت ضروری تھی۔ انہوں نے کہا کہ تینوں مسلح افواج اپنی اپنی انفرادی مہارت اور آپریشنل تیاری برقرار رکھیں گی، جبکہ ڈیفنس فورسز ہیڈ کوارٹرز ان کے درمیان مکمل رابطہ، ہم آہنگی اور فیصلہ سازی کے عمل کو مزید مضبوط بنائے گا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے واضح پیغام دیتے ہوئے کہا کہ طالبان رجیم کو صاف طور پر بتا دیا گیا ہے کہ ان کے پاس صرف دو راستے ہیں: یا پاکستان کا ساتھ دیں، یا پھر فتنۃ الخوارج کا۔ ہر دو راستوں کو ساتھ لے کر چلنا کسی صورت ممکن نہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے، تاہم ہماری قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر آنچ برداشت نہیں کی جائے گی۔ کسی کو بھی پاکستان کے عزم کا امتحان لینے کی اجازت نہیں۔
چیف آف ڈیفنس فورسز نے کہا کہ پاکستان کا تصور ناقابلِ تسخیر ہے، اسے ایمان، قربانی اور عزم سے سرشار جانبازوں نے مضبوط کر رکھا ہے، جبکہ قوم کی یکجہتی اس کا سب سے بڑا ہتھیار ہے۔
آخر میں انہوں نے نعرہ بلند کیا: "پاکستان ہمیشہ زندہ باد!”