گھوٹکی (کیو این این ورلڈ/ مشتاق علی لغاری) ڈپٹی کمشنر گھوٹکی منظور احمد کنرانی نے کہا ہے کہ ضلع میں شعبۂ صحت کی بہتری کے لیے مسلسل کوششیں جاری ہیں اور رہڑکی میں نئی ڈسپنسری کے قیام سے مقامی آبادی کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات گھر کی دہلیز پر میسر آئیں گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈہرکی کے قریب رہڑکی میں نئی قائم شدہ ڈسپنسری کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں ڈی ایچ او ڈاکٹر راؤ آفتاب، ایم ایس ڈی ایچ کیو سرفراز علی شاہ اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ حکومتِ سندھ صحت کے شعبے میں انقلابی اقدامات کر رہی ہے جس کے ثمرات عوام تک پہنچ رہے ہیں۔
منظور احمد کنرانی نے ڈی ایچ او کو ہدایت کی کہ ڈسپنسری میں بنیادی طبی سہولیات اور ضروری ادویات کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ طبی مراکز کو فعال بنانے کے لیے صنعتی اداروں سے بھی تعاون حاصل کیا جائے گا تاکہ مقامی افراد کو زیادہ سے زیادہ ریلیف مل سکے۔
ڈپٹی کمشنر نے مزید بتایا کہ رونتی کے کچے کے علاقے میں تین روزہ میڈیکل کیمپ کے ذریعے سینکڑوں افراد کو طبی امداد فراہم کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی بھرپور کوشش ہے کہ رونتی جیسے دور افتادہ علاقے میں بھی مستقل بنیادوں پر ڈسپنسری قائم کی جائے تاکہ وہاں کے مکینوں کو شہروں کا رخ نہ کرنا پڑے۔