اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) بانی پی ٹی آئی عمران خان کو فالو اپ طبی معائنے کے لیے اڈیالہ جیل سے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) منتقل کیا گیا، جہاں ان کی آنکھ کے علاج کا دوسرا اہم مرحلہ مکمل کر لیا گیا۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق عمران خان کو آنکھ کی بینائی کی بہتری کے لیے ‘اینٹی وی ای جی ایف’ (Anti-VEGF) انٹرا وٹریل انجکشن کی دوسری ڈوز دی گئی۔ یہ پورا عمل ڈے کیئر سرجری کے طور پر انجام دیا گیا، جس کے لیے پمز اور شفا آئی اسپتال کے ماہر امراضِ چشم اور وائٹریو ریٹینل سرجنز پر مشتمل خصوصی بورڈ نے اپنی نگرانی میں تمام ضروری طبی پروٹوکولز مکمل کیے۔

انجکشن لگانے کے اہم پروسیجر سے قبل ماہرین کے بورڈ نے بانی پی ٹی آئی کا تفصیلی معائنہ کیا، جس میں کنسلٹنٹ کارڈیالوجسٹ کی جانب سے ایکو کارڈیوگرافی اور ای سی جی بھی کی گئی، جن کے نتائج مکمل طور پر نارمل آئے۔ کنسلٹنٹ فزیشن نے بھی انہیں طبی طور پر مکمل مستحکم قرار دیا جس کے بعد آپریشن تھیٹر میں مائیکروسکوپی گائیڈنس کے تحت انجکشن کی دوسری خوراک کامیابی سے دی گئی۔ اسپتال میں قیام اور پروسیجر کے دوران عمران خان کے تمام طبی وائٹلز تسلی بخش رہے۔
اعلامیے کے مطابق طبی عمل کی تکمیل اور ضروری نگرانی کے بعد بانی پی ٹی آئی کو ضروری طبی ہدایات، نسخے اور فالو اپ مشورے کے ساتھ اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا، جس کے بعد انہیں سخت سکیورٹی میں دوبارہ اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ماہرین کی ٹیم ان کی صحت اور آنکھ کی ریکوری کا مسلسل جائزہ لے رہی ہے اور آج کا طبی معائنہ اسی سلسلے کی ایک کڑی تھا۔