اسلام آباد(ویب ڈیسک) بانی پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور اہلیہ بشریٰ بی بی نے توشہ خانہ ٹو کیس میں سنائی گئی سزا کے خلاف الگ الگ اپیلیں اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کر دی ہیں۔

اپیلوں میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ استغاثہ کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف الزامات ثابت کرنے میں ناکام رہا اور بلغاری سیٹ توشہ خانہ قواعد کے مطابق سابق حکمران جوڑے کے پاس قانونی طور پر تھا۔

عمران خان اور بشریٰ بی بی کی اپیل میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ صہیب عباسی کو غیر قانونی طور پر سلطانی گواہ بنایا گیا، وعدہ معاف گواہ کے بیان پر انحصار نہیں کیا جا سکتا، اسپیشل سینٹرل جج کے پاس مقدمہ سننے کا اختیار نہیں تھا اور ایک ہی جرم میں متعدد بار سزا نہیں دی جا سکتی۔

اپیلوں میں مزید کہا گیا کہ مقدمہ بغیر مناسب تفتیش کے قائم کیا گیا اور سیاسی انتقام کے تحت کارروائی کی گئی۔ عدالت سے درخواست کی گئی ہے کہ توشہ خانہ ٹو کیس میں دی گئی سزا کو کالعدم قرار دیا جائے۔

بانی پی ٹی آئی کی اپیل پر ڈائری نمبر 24560 اور بشریٰ بی بی کی اپیل پر ڈائری نمبر 24561 لگایا گیا ہے۔

یاد رہے کہ اسپیشل جج سینٹرل نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کو ہر ایک کو 17 سال قید کی سزا سنائی تھی، جسے اب ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے