بھارتی شہر بنگلورو میں ایک انتہائی افسوسناک اور لرزہ خیز واقعہ پیش آیا ہے جہاں علیحدگی اختیار کرنے والی بیوی کی جانب سے طلاق کا نوٹس ملنے پر شوہر نے اسے فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق 40 سالہ بالاموروگن، جو پیشہ ورانہ لحاظ سے سافٹ ویئر انجینئر ہے، نے اپنی 39 سالہ اہلیہ بھونیشوری کو طلاق کا قانونی نوٹس بھیجنے پر طیش میں آ کر قتل کیا اور بعد ازاں خود کو پولیس کے حوالے کر دیا۔ مقتولہ بھونیشوری یونین بینک آف انڈیا میں بطور اسسٹنٹ منیجر فرائض انجام دے رہی تھیں اور گزشتہ کچھ عرصے سے اپنے شوہر سے علیحدہ رہ رہی تھیں۔
پولیس تحقیقات کے مطابق تمل ناڈو کے ضلع سیلم سے تعلق رکھنے والے اس جوڑے نے 2011 میں شادی کی تھی اور 2018 میں ملازمت کے سلسلے میں بنگلورو منتقل ہوئے تھے۔ بالاموروگن ایک نجی فرم میں سافٹ ویئر انجینئر کے طور پر کام کرتا تھا لیکن گزشتہ چار سال سے بے روزگار تھا، جس کے باعث جوڑے کے درمیان گھریلو ناچاقیاں بڑھ گئی تھیں۔ فائرنگ کے فوری بعد بھونیشوری کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تاہم ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کر دی۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے آلہ قتل برآمد کر لیا ہے اور واقعے کی مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ اس اندوہناک واقعے نے جوڑے کے دو کمسن بچوں کو ممتا کے سائے سے محروم کر دیا ہے۔