اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالیوں پر پاکستان کا دفتر خارجہ خاموش نہیں بیٹھے گا اور دنیا بھر کو بھارتی مظالم کے بارے میں بتاتا رہے گا۔ وفاقی دارالحکومت میں خواتین کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی بھی جبر کے سامنے خواتین سب سے زیادہ متاثر ہوتی ہیں اور انسانی حقوق کی پامالی کے حوالے سے خواتین کی آزمائش مردوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہوتی ہے۔

طاہر اندرابی نے اس بات پر زور دیا کہ دفتر خارجہ کی مسلسل کوششوں سے اقوام متحدہ کی رپورٹس میں کشمیری خواتین کے حقوق کا ذکر شامل ہوا ہے اور انسانی حقوق کے مبصرین باقاعدگی سے مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے رپورٹس جاری کر رہے ہیں۔ انہوں نے کنن پوش پورہ میں ہونے والی اجتماعی درندگی سمیت دیگر بے شمار واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے افسوس ظاہر کیا کہ ان کے مجرم آج بھی بھارت میں آزاد گھوم رہے ہیں اور ان کا کوئی احتساب نہیں ہو سکا۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ اگر وقت پر احتساب ہوتا تو آج مقبوضہ کشمیر میں خواتین پر اس قدر مظالم نہ ہوتے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مقبوضہ کشمیر بھارت کا حصہ نہیں بلکہ وہ ایک غاصب قابض ہے اور یہ خطہ اب ایک نیوکلیئر فلیش پوائنٹ بن چکا ہے۔ انہوں نے حریت قائدین کی جدوجہدِ آزادی اور ان کی قربانیوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا جو قید و بند کی صعوبتیں برداشت کر رہے ہیں۔

طاہر اندرابی نے مزید کہا کہ پاکستان کی سفارتی کوششوں کے نتیجے میں بھارت پر انسانی حقوق کی پامالیوں کے حوالے سے عالمی دباؤ بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ دفتر خارجہ مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کے خلاف دنیا بھر میں آواز بلند کرنے کا سلسلہ جاری رکھے گا تاکہ مظلوم کشمیریوں کو ان کا جائز حقِ خودارادیت مل سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے