اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) صدر مملکت آصف علی زرداری نے ہندو برادری کو ہولی کی مبارک باد دیتے ہوئے مغربی سرحدی صورتحال کے پیش نظر تہوار سادگی سے منانے کی اپیل کی ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ موجودہ سکیورٹی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہولی کی تقریبات محدود رکھی جائیں، قومی یکجہتی اور ملک کی سلامتی کو ترجیح دی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنی مذہبی و ثقافتی تنوع پر فخر کرتا ہے، تاہم عوامی اجتماعات اور بڑی تقریبات میں احتیاط برتنا ضروری ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ موجودہ حالات میں اعتدال اور بردباری کی ضرورت ہے اور قومی ہم آہنگی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔
صدر کی اپیل پر پاکستان ہندو کونسل نے ہولی سادگی سے منانے کا اعلان کیا ہے۔ کونسل کے سرپرست ڈاکٹر رمیش کمار نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری کی اپیل کا احترام کرتے ہوئے ملک بھر میں ہندو برادری دو اور تین مارچ کو ہولی کا تہوار عقیدت و احترام کے ساتھ مگر بغیر بڑی تقریبات کے منائے گی۔
دوسری جانب چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی صدر کی اپیل کی حمایت پر ہندو برادری سے اظہارِ تشکر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندو برادری نے صدر کی اپیل کی تائید کر کے وطن سے محبت کی نئی مثال قائم کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری خوشیاں اور غم سانجھے ہیں، عیدیں اور تہوار مل کر مناتے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے ملک بھر کی ہندو برادری کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ہولی کی پیشگی مبارک باد بھی دی۔