لبنان (کیو این این ورلڈ)لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ باقاعدہ طور پر جنگ میں شامل ہوگئی ہے اور اس نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت کے انتقام میں اسرائیل پر بڑے پیمانے پر میزائل اور ڈرون داغ دیے ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق حزب اللہ کی جانب سے یہ کارروائی ایران پر امریکہ اور اسرائیل کے حملوں کے آغاز کے بعد پہلی بار کی گئی ہے۔ ان حملوں کا مقصد ایرانی قیادت پر ہونے والے حملے کا بھرپور جواب دینا ہے۔

حزب اللہ نے اپنے جاری کردہ بیان میں تصدیق کی ہے کہ اسرائیلی شہر حیفہ میں میزائل ڈیفنس سسٹم کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی سپریم لیڈر پر حملے کا بدلہ ہے اور اسرائیل کو فوری طور پر تمام لبنانی مقبوضہ علاقوں سے نکل جانا چاہیے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ قیادت ہمیشہ اس موقف پر قائم رہی ہے کہ اسرائیلی جارحیت اور قائدین و عوام کے قتل عام نے انہیں اپنے دفاع کا حق دیا ہے۔ حزب اللہ مناسب وقت اور جگہ پر دشمن کو جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ حزب اللہ کی جانب سے فائر کیے گئے پروجیکٹائلز کو فضا میں ہی ناکارہ بنا دیا گیا ہے۔ جوابی کارروائی کے طور پر اسرائیلی طیاروں نے لبنان کے دارالحکومت بیروت میں حزب اللہ کے ٹھکانوں پر شدید بمباری کی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے