لاہور (ویب ڈیسک) صوبائی دارالحکومت لاہور اور گردونواح میں شدید دھند کے ڈیرے برقرار ہیں جس کے باعث فضائی اور زمینی آمدورفت کا نظام شدید متاثر ہو کر رہ گیا ہے۔ علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حد نگاہ انتہائی کم ہونے کی وجہ سے فلائٹ آپریشن گزشتہ 8 گھنٹوں سے معطل ہے، جس کے نتیجے میں اندرون و بیرون ملک جانے والی متعدد پروازیں منسوخ یا تاخیر کا شکار ہو گئی ہیں۔

ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق لاہور آنے والی 4 بین الاقوامی پروازوں کا رخ موڑ کر انہیں اسلام آباد ایئرپورٹ پر اتار لیا گیا ہے جبکہ لاہور سے دبئی، ابوظہبی، جدہ اور کراچی کے لیے شیڈول پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں، جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

دھند کے باعث موٹرویز کی صورتحال بھی انتہائی مخدوش ہے اور حد نگاہ صفر ہونے کی بنا پر متعدد اہم شاہراہوں کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے ایم ٹو (M-2) بلکسر سے کوٹ مومن تک لاہور کی جانب جانے والے ٹریک کو بند کر دیا گیا ہے، جبکہ ایم تھری (M-3) فیض پور سے سمندری تک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہے۔ اسی طرح سیالکوٹ موٹروے ایم الیون (M-11) پر بھی شدید دھند کے باعث سفر معطل ہے اور گاڑیوں کا داخلہ روک دیا گیا ہے،اور جنوبی پنجاب کی اہم ترین شاہراہ ملتان سکھر موٹروے ایم فائیو (M-5) کو بھی دھند کی شدت کے باعث مختلف مقامات سے بند کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

لاہور کے شہری علاقوں میں بھی ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہے جبکہ پنجاب کے ساتھ ساتھ خیبر پختونخوا کے بیشتر علاقوں میں بھی دھند کا راج ہے جہاں حد نگاہ کم ہونے سے مسافروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ انتظامیہ نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور دورانِ سفر گاڑیوں پر فوگ لائٹس کا استعمال ہر صورت یقینی بنائیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے