کراچی(ویب ڈیسک) لکس اسٹائل ایوارڈز 2025 کی رنگا رنگ تقریب منعقد ہوئی جس میں شوبز ستاروں نے بھرپور شرکت کی اور تقریب کو چار چاند لگائے۔ معروف صوفی گلوکارہ عابدہ پروین نے عارفانہ کلام پیش کر کے محفل کو روحانی رنگ بخشا۔ اس موقع پر اداکارہ ہانیہ عامر نے اپنے ڈرامہ کبھی میں کبھی تم میں شاندار اداکاری کے باعث سال کی بہترین اداکارہ کا ایوارڈ اپنے نام کیا۔ عوامی ووٹنگ میں سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے پر وہ فاتح قرار پائیں۔
تقریب میں مختلف کیٹیگریز میں ایوارڈز دیے گئے جن میں ویوورز چوائس اور کرٹکس چوائس شامل تھے۔ ٹی وی ڈرامہ کیٹیگری میں بلال عباس، دانش تیمور، فہد مصطفیٰ اور عمران اشرف بہترین اداکار کے لیے نامزد ہوئے جبکہ بہترین ڈراما کے لیے کبھی میں کبھی تم، کفارہ، خئی اور عشقِ مرشد کو شامل کیا گیا۔ ناقدین کی پسند میں خوشحال خان، نعیمہ بٹ، سحر ہاشمی اور شاہیرہ جلیل الباسط کو ابھرتے ٹیلنٹ کے طور پر سراہا گیا جبکہ بدر محمود، مصدق ملک، صائف حسن اور سید وجاہت حسین بہترین ڈائریکٹر کے لیے نامزد ہوئے۔

فلمی کیٹیگری میں عمران اشرف، ثمر جعفری، طلحہ انجم اور عثمان خان بہترین اداکار کے لیے نامزد ہوئے جبکہ عائشہ عمر، کنزہ ہاشمی، کبریٰ خان اور یمنہ زیدی بہترین اداکارہ کے لیے سامنے آئیں۔ سال کی بہترین فلم کے لیے گلاس ورکر، کٹر کراچی، نابالغ افراد اور نایاب کو شامل کیا گیا۔ ناقدین کی پسند میں عبد الوالی بلوچ، ایم شہزاد ملک، عمیر ناصر علی اور وجاہت رؤف بہترین ڈائریکٹر کے طور پر سامنے آئے۔
ڈیجیٹل کیٹیگریز میں حرا فیصل کو خوبصورت انفلوئنسر کا ایوارڈ دیا گیا جبکہ سوشل میڈیا کی مشہور جوڑی ریحان اور رابعہ المعروف ’رون اینڈ کوکو‘ کو بہترین انفلوئنسر قرار دیا گیا۔ بیوٹی انفلوئنسرز میں دعا فاطمہ، ہمایل، حرا فیصل اور سبینہ سعید نمایاں رہیں جبکہ کانٹینٹ کریئیٹرز میں جنید اکرم، کنول افتاب، رون اینڈ کوکو اور ذوالقرنین سکندر کو سراہا گیا۔
یہ تقریب نہ صرف شوبز انڈسٹری کے نمایاں فنکاروں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا ذریعہ بنی بلکہ نئے ٹیلنٹ کو بھی سامنے لانے کا موقع فراہم کیا، جس سے پاکستانی فنکاروں اور تخلیق کاروں کی صلاحیتوں کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں مدد ملی۔