گوجرانوالہ (کیو این این ورلڈ):پاکستان میں تعینات رومانیہ کے سفیر دان ستوینسکو گوجرانوالہ کے دورے کے دوران اُس وقت خوشگوار حیرت میں مبتلا ہو گئے جب انہوں نے ایک مقامی پیٹرول پمپ پر اپنے ملک اور یورپی یونین کے جھنڈے لہراتے ہوئے دیکھے۔
ذرائع کے مطابق پنجاب کے شہر گوجرانوالہ پہنچنے پر رومانیہ کے سفیر کی نظر ایک پیٹرول پمپ پر نصب رومانیہ اور یورپی یونین کے پرچموں پر پڑی، جس پر انہوں نے خوشی اور حیرت کا اظہار کیا۔ یہ منظر ان کے لیے غیر متوقع ہونے کے ساتھ ساتھ دوطرفہ تعلقات کی ایک خوبصورت علامت بھی ثابت ہوا۔
رومانیہ کے سفیر دان ستوینسکو نے اس حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر ایک پوسٹ بھی شیئر کی، جس میں انہوں نے لکھا کہ گوجرانوالہ جیسے شہر میں ایک مقامی پیٹرول پمپ پر رومانیہ اور یورپی یونین کے جھنڈے دیکھنا واقعی ایک خوشگوار حیرت تھی۔
سفیر نے اپنی پوسٹ میں مزید کہا کہ پاکستان اور رومانیہ کے درمیان تعلقات مشترکہ تجربات، باہمی احترام اور ترقی و مواقع کے لیے طویل المدتی عزم پر قائم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے چھوٹے مگر معنی خیز لمحات دونوں ممالک کے درمیان عوامی سطح پر موجود خیرسگالی اور دوستی کی عکاسی کرتے ہیں۔
سفارتی حلقوں کے مطابق رومانیہ کے سفیر کا یہ ردعمل اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ پاکستان کے مختلف شہروں میں بین الاقوامی تعلقات اور ثقافتی ہم آہنگی کو مثبت انداز میں دیکھا جاتا ہے، جو مستقبل میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے خوش آئند امر ہے۔