کولمبو (کیو این این ورلڈ) ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے میں قومی ٹیم کل اپنا دوسرا اہم میچ کھیلے گی۔ پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں منگل کو کینڈی کے میدان میں شام ساڑھے 6 بجے ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی۔ سیمی فائنل تک رسائی کو یقینی بنانے اور "اگر مگر” کی صورتحال سے بچنے کے لیے پاکستان کو یہ میچ ہر صورت جیتنا ہوگا۔ اہم مقابلے سے قبل قومی کھلاڑیوں نے پریکٹس سیشن کے دوران اپنی خامیوں کو دور کرنے کے لیے بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کی بھرپور مشقیں کیں۔
قومی اوپننگ بیٹر صاحبزادہ فرحان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم کا مورال انتہائی بلند ہے اور ہم انگلینڈ کو ٹف ٹائم دینے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے پاس بہترین کوالٹی سپنرز موجود ہیں اور عثمان طارق کی حالیہ بولنگ فارم ٹیم کے لیے بہت مفید ثابت ہو رہی ہے۔ شائقینِ کرکٹ کو کل ایک سنسنی خیز مقابلے کی توقع ہے کیونکہ دونوں ٹیمیں ٹورنامنٹ کے اگلے مرحلے میں جگہ بنانے کے لیے سر دھڑ کی بازی لگائیں گی۔