چترال/خیبر/باجوڑ: (کیو این این ورلڈ) پاک افغان سرحد پر جاری آپریشن “غضب للحق” کے دوران پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے درجنوں افغان چوکیوں پر قبضہ کر لیا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق قبضہ کی جانے والی ایک چیک پوسٹ پر پاک فوج کے بہادر سپاہی نے سبز ہلالی قومی پرچم لہرا کر دشمن کو للکارا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سپاہی نے پشتو زبان میں افغان طالبان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا: "اب ہم تمہیں بتائیں گے کہ تم نے کس سے پنگا لیا ہے۔ یہ چیک پوسٹ بھی ہم نے اپنے قبضے میں لے لی ہے اور اس پر جھنڈا بھی خود لگایا ہے۔ ہم اسی طرح آئیں گے اور کابل بھی تم سے فتح کریں گے۔ تمہیں بتائیں گے کہ 40 سال ہم نے تمہیں پالا، اور اب تم ہم سے پنگا لے رہے ہو۔”
سپاہی نے مزید کہا کہ "اب تم کو اپنی اوقات کا پتہ چل جائے گا، پاکستان ہمیشہ زندہ باد۔”
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ قبضہ کی گئی چوکیوں کی کارروائی نہ صرف دشمن کے مورال کو توڑنے کے لیے اہم ہے بلکہ پاک فوج کی مکمل تیاری اور عزم کا بھی مظہر ہے۔ آپریشن غضب للحق میں پاکستانی فورسز نے افغان طالبان کے متعدد ٹھکانوں کو تباہ کیا اور بھاری جانی نقصان پہنچایا ہے۔
ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد عوام میں بھی پاک فوج کے حوصلے اور بہادری کی تعریف کی جا رہی ہے، جبکہ سرحدی علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں سے دشمن میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔