ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ/نامہ نگاراحسان اللہ ایاز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایت پر پریس کلب ننکانہ صاحب کی نئی عمارت کی تعمیر کے لیے 25 لاکھ روپے کی گرانٹ جاری کر دی گئی ہے۔ اس سلسلے میں ایم پی اے و چیف وہپ پنجاب اسمبلی رانا محمد ارشد نے پریس کلب کا دورہ کیا اور ایک پروقار تقریب کے دوران گرانٹ کا چیک صدر چوہدری افضل حق خاں اور جنرل سیکرٹری آصف علی بھٹی ایڈووکیٹ کے حوالے کیا۔
رانا محمد ارشد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ گرانٹ صدر پریس کلب اور نائب صدر چوہدری محمد ریاض کی مسلسل کاوشوں اور رابطوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ننکانہ صاحب بابا گورو نانک کی جائے پیدائش ہونے کی وجہ سے عالمی سطح پر پہچانا جاتا ہے جہاں دنیا بھر سے سکھ یاتری اور غیر ملکی صحافی آتے ہیں، اس لیے یہاں ایک جدید اور معیاری پریس کلب کی تعمیر وقت کی اہم ضرورت تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ فنڈز مقامی صحافیوں کے لیے حکومت پنجاب کا تحفہ ہیں اور عمارت کی مکمل تیاری کے لیے مزید فنڈز کے حصول کی کوششیں بھی جاری رکھی جائیں گی۔ تقریب کے اختتام پر صدر پریس کلب چوہدری افضل حق خاں نے مریم نواز شریف اور رانا محمد ارشد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں پریس کلب کی اعزازی رکنیت دینے کا اعلان کیا جبکہ جنرل سیکرٹری نے کہا کہ اس منصوبے سے مقامی صحافت کو ادارہ جاتی استحکام ملے گا۔