اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت اور پاک فوج کی موجودہ پارٹنرشپ ملک کی تقدیر بدلنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور اگر یہ تعاون اسی طرح جاری رہا تو پاکستان بہت جلد دنیا کے نقشے پر ایک انتہائی مضبوط اور مستحکم ملک بن کر ابھرے گا۔ اسلام آباد میں ایکسپورٹرز اور معروف کاروباری شخصیات کے اعزاز میں منعقدہ ایک باوقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے ملکی معیشت کی بحالی اور استحکام کے لیے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی انتھک کوششوں کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا اور اس شراکت داری کو پاکستان کی ترقی کے لیے ناگزیر قرار دیا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ معرکہ حق میں عظیم کامیابی کے بعد بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا وقار بلند ہوا ہے اور آج دنیا پاکستان کی آواز کو اہمیت دے رہی ہے، جبکہ عالمی سرمایہ کار ملک میں سرمایہ کاری کے لیے خود رابطے کر رہے ہیں۔ وزیراعظم نے اعتراف کیا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بھرپور حمایت اور تعاون کے بغیر کئی پیچیدہ اور دیرینہ مسائل کا حل ممکن نہ تھا۔ انہوں نے واضح کیا کہ سویلین حکومت اور عسکری قیادت کا ایک صفحے پر ہونا ہی وہ قوت ہے جو ملک کو معاشی بحرانوں سے نکالنے میں مددگار ثابت ہو رہی ہے۔
وزیراعظم نے اپنے خطاب کے دوران پڑوسی ملک کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور معاشی استحکام بھارت کے لیے ایک ڈراؤنا خواب ثابت ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب پاکستان ایک طاقتور معیشت کے طور پر ابھرے گا تو بھارت کو غشی کے دورے پڑیں گے کہ یہ ملک اتنی تیزی سے ترقی کی راہ پر کیسے گامزن ہو گیا۔ وزیراعظم نے عزم ظاہر کیا کہ حکومت کاروباری برادری اور برآمد کنندگان کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی تاکہ ملکی برآمدات میں اضافہ ہو اور پاکستان کا معاشی مستقبل محفوظ ہو سکے۔