گوجرہ (کیو این این ورلڈ/عبدالرحمن جٹ) سی ٹی ڈی (CTD) نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے اغوا برائے تاوان اور بچے کے لرزہ خیز قتل میں ملوث مرکزی ملزم کو مبینہ مقابلے کے دوران ہلاک کر دیا۔ ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت ذوالقرنین ولد ضیاء اللہ قوم کمبوہ، ساکنہ 339 ج ب گوجرہ کے نام سے ہوئی ہے، جو تھانہ نواں لاہور میں درج مقدمہ نمبر 31/26 کا مرکزی ملزم تھا۔
تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی پولیس کی ٹیم چک نمبر 364 ج ب کے قریب جرائم پیشہ عناصر اور ناجائز اسلحہ فروشوں کی تلاش میں موجود تھی کہ اس دوران ایک موٹر سائیکل پر سوار تین مشکوک افراد کا سامنا ہوا۔ پولیس ٹیم کو دیکھتے ہی ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، جس پر پولیس نے بھی حفاظتی جوابی کارروائی کی۔
فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں ایک ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر موقع پر ہی ہلاک ہو گیا، جبکہ اس کے دو ساتھی فائرنگ کرتے ہوئے اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ ہلاک ملزم کے قبضے سے 30 بور کا ناجائز پسٹل اور گولیاں برآمد کر لی گئی ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق ہلاک ہونے والا ملزم ذوالقرنین تھانہ نواں لاہور کے علاقے سے ایک بچے کو اغوا کرنے، تاوان طلب کرنے اور بعد ازاں اسے بے دردی سے قتل کرنے کی سنگین واردات میں مطلوب تھا۔ پولیس نے فرار ہونے والے دیگر دو ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔